کولکاتہ، 15/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کولکاتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال میں جونیئر ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے معاملے میں سی بی آئی نے اہم اقدام اٹھایا ہے۔ 14 ستمبر کو، مرکزی تفتیشی ایجنسی نے آر جی کار میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل سندیپ گھوش کو گرفتار کر لیا۔ انہیں 23 ستمبر تک عدالتی حراست میں رکھا گیا ہے۔
اس سے قبل سی بی آئی نے سابق پرنسپل کو مالی بے ضابطگیوں کے معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ اب عصمت دری اور قتل کیس میں ایک نئی گرفتاری ہوئی ہے۔ سی بی آئی نے ایف آئی آر درج کرنے میں مبینہ تاخیر اور آر جی کار عصمت دری کیس کی تحقیقات میں ثبوت غائب کرنے کے الزام میں سندیپ گھوش اور تلہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او ابھیجیت منڈل کو گرفتار کیا ہے۔ سندیپ کو اتوار کو سیالدہ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سی بی آئی کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سندیپ گھوش اور کولکاتہ پولس کے ایس ایچ او دونوں مبینہ طور پر تحقیقات میں تاخیر کرنے اور ثبوتوں سے چھیڑ چھاڑ کرکے انصاف میں رکاوٹ ڈالنے میں ملوث تھے۔ اس ماہ کے شروع میں، مرکزی تفتیشی بیورو کی عدالت نے سندیپ گھوش اور تین دیگر کو مالی بے ضابطگیوں کے معاملے میں 23 ستمبر تک عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔
گھوش کو فی الحال پریزیڈنسی سنٹرل جیل کے ایک الگ تھلگ سیل میں رکھا گیا ہے، جہاں انہیں اس ہفتے کے شروع میں لایا گیا تھا۔ سندیپ گھوش کو سی بی آئی نے 2 ستمبر کو گرفتار کیا تھا۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے کیمپس میں ایک جونیئر ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے بعد کیس کی سی بی آئی جانچ کا حکم دیا تھا۔
9 اگست کو کولکاتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال کے سیمینار ہال میں 31 سالہ جونیئر ڈاکٹر کی لاش ملی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ قتل کرنے سے پہلے اس کے ساتھ وحشیانہ زیادتی کی گئی۔ اس معاملے پر ملک بھر میں ڈاکٹروں نے ہڑتال اور احتجاج کیا۔